پاکستان میں سائنس کی ترویج کے لئے سائنسی گروپ

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

Thursday, January 16, 2020

بھارت

بھارت 
تحریر: ڈاکٹر نثار احمد


بھارت جنوبی ایشیاء میں واقع ہمارا ہمسایہ ملک ہے۔ بھارت کے متعصبانہ رویے اور ریاست جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات اکثر اوقات کشدیدہ ہی رہے ہیں۔ پاکستان کے مشرق میں 3323 کلومیٹر لمبا بارڈر بھارت کے ساتھ لگتا ہے۔ یہ دنیا کے خطرناک ترین بارڈروں میں سے ایک ہے جہاں اکثر اوقات مسلح افواج کی نقل و حرکت موجود رہتی ہے۔ دنیا کا سب سے ٹھنڈا جنگی میدان یعنی سیاچن بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان ہی واقع ہے۔
بھارت رقبے کے لحاظ سے دنیا کا ساتواں اور آبادی کی لحاظ سے دوسرا بڑا ملک ہے۔ بھارت کا کل رقبہ لگ بھگ 33 لاکھ مربع کلومیٹر اور آبادی 1 ارب 35 کروڑ سے زیادہ ہے۔ بھارت میں 28 ریاستیں اور 9 الحاق شدہ علاقے ہیں۔ نئی دہلی بھارت کا دارالخلافہ ہے۔ دنیا میں انڈونیشیاء کے بعد سب سے زیادہ مسلمان بھارت میں رہتے ہیں۔
حیاتیاتی اعتبار سے بھارت دنیا کے زرخیز ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ اتنی زیادہ آبادی کے باوجود بھارت کا شمار ان ممالک میں کیا جاتا ہے جہاں جنگلی حیات کثیر مقدار میں پائی جاتی ہے۔ بھارت میں پرندوں کی 1300 اور پستانیہ جانوروں کی 400 سے زائد انواع موجود ہیں۔ بھارت کا 7 لاکھ مربع کلو میٹر سے زائد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے۔ یہاں موجود مغربی گھاٹ کے جنگلات دنیا میں اپنی نوعیت کے واحد جنگلات ہیں۔ یہاں پائے جائے والے بہت سے جانور اور پودے دنیا میں اور کہیں نہیں پائے جاتے۔
بھارت کا قومی جانور رائیل بنگال ٹائیگر ہے۔ 1973 میں یہاں موجود ٹائیگروں کے تحفظ کیلئے پروجیکٹ ٹائیگر شروع کیا گیا جو کافی زبردست پروجیکٹ رہا۔ اس پروجیکٹ کے تحت 19 نیشنل پارک قائم کئے گئے جہاں ٹائیگروں کے ساتھ ساتھ دیگر جنگلی حیات کو بھی ان کے قدرتی ماحول میں تحفظ ملا۔ ان نیشنل پارکوں میں کانہا، کازیرنگا، پنہ اور پینچ جیسے خوبصورت نیشنل پارک بھی شامل ہیں۔ بھارت میں نیشنل جیوگرافک چینل، ڈسکوری اور اینیمل پلانٹ جیسے تحقیقی چینلوں کی فرنچائزیں موجود ہیں جہاں ہندی زبان میں قیمتی تحقیقی مواد پبلش کیا جاتا ہے۔ چونکہ ہندی اور اردو زبانیں ملتی جلتی ہیں اس لئے ہمارے پاکستانی بھائی بھی ان چینلوں سے مستفید ہوتے ہیں۔
جنگلی حیات کے تحفظ اور بقاء میں بھارت ہم سے بہت آگے ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بھی اپنے ملک میں موجود قیمتی جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے کوششیں کریں۔

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot

یہ کیا ہے